یلاریڈی ۔ 7 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فی الوقت شعبہ زراعت کیلئے برقی سربراہی میں پیش آرہی دشواری دو دنوں میں حل کرلی جائیگی ۔ یلاریڈی رکن اسمبلی رویندر ریڈی نے فون پر ربط کرتے ہوئے اخباری نمائندوں سے مزید کہا کہ تلنگانہ کے کچھ علاقوں میں چند دنوں سے 920 میگا واٹ برقی کی پیداوار مسدود ہوگئی ہے ۔ پالونچا ، کتہ گوڑم ، برقی پیداوار ہاؤس میں ٹربائین کی خرابی سے 500 میگاواٹ برقی کی پیداوار رک گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ وجئے واڑہ کے KTPS سے تلنگانہ کو آنے والے 420 میگا واٹ برقی بھی روکدی گئی ہے جس سے زراعت کو سربراہ کی جانیو الی برقی میں خاصا خلل پڑرہاہے ۔ اس تعلق سے تلنگانہ کے وزیراعلی مسٹر چندرشیکھر راو سے ملاقات کر کے واقف کروانے پر انہوں نے برقی ٹرانسکو اعلی عہدیداروں کو آفس طلب کر کے دو دنوں میں اس مسئلہ کو حل کرنے کے احکام دیئے ہیں ۔ رکن اسمبلی رویندر ریڈی نے کسانوں سے خواہش کی کہ وہ اس تعلق سے غور کریں اور دو دن برداشت کریں ۔ اس کے بعد زراعت کو روزانہ پانچ گھنٹہ برقی بلاوقفہ سربراہ کی جائیں گی ۔