یلاریڈی حلقہ اسمبلی میں 79فیصد رائے دہی

یلا ریڈی۔ یکم مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلا ریڈی حلقہ اسمبلی کے تمام منڈلوں پر رائے دہی پرامن طریقہ سے انجام پائی۔ حلقہ کے یلا ریڈی ، لنگم پیٹ، ناگی ریڈی پیٹ، تاڑوائی، سداشیونگر، گندھاری منڈلوں پر رائے دہی کا اختتامن پرامن رہا۔ حلقہ اسمبلی یلاریڈی کے ایک لاکھ 99 ہزار 194 رائے دہندوں میں ایک لاکھ 56ہزار 845 رائے دہندوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ حلقہ کے چھ منڈلوں میں 78.74 فیصد رائے دہی درج ہوئی۔ یلا ریڈی ریٹرننگ آفیسر مسٹر وینکٹیشورلو نے یہ بات بتائی۔ حلقہ کے تمام منڈلوں پر کچھ پولنگ مراکزپر EVM مشین بند ہوجانے سے رائے دہی میں خلل پڑا اور کچھ دیر کیلئے رائے دہندوں کو انتظار کرتے قطار میں کھڑے رہنا پڑا۔ مجموعی طور پر رائے دہی پرامن رہی۔ ضلع بھر میں یلاریڈی حلقہ اسمبلی میں 78.74 رائے دہی درج ہوتے ہوئے سرفہرست رہا۔ یلاریڈی کے تمام منڈلوں پر صبح سے ہی رائے دہندوں کی قطار رہی۔ شام کے آخری وقت میں تمام پولنگ مراکز خالی دیکھے گئے۔ حلقہ کے تمام ای وی ایم مشینوں کو رات 9بجے تک جیوادان اسکول کے ڈسٹری بیوشن مرکز پر جمع کرکے نظام آباد کے ڈچپلی اسٹرانگ روم کو منتقل کیا گیا۔