یلاریڈی۔ 24 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 6 اپریل کو ہونے والے منڈل پریشد و ضلع پریشد کے انتخابات میں خدمات انجام دینے والے عملے کو یلاریڈی منڈل پریشد آفس پر پہلے مرحلے کی تربیت دی گئی۔ اس موقع پر الیکشن آفیسر مسٹر گنگادھر نے کہا کہ مقامی انتخابات پرامن طریقہ سے منعقد کئے جائیں۔ اس چناؤ میں بیالٹ پیپر ہوگا ، اس لئے عملے کو مختلف مشورے دیئے گئے۔ عملے میں جملہ 60 عہدیداروں میں سے 55 عہدیداروں نے تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیلدار مسٹر سرینواس کمار، وجئے، MEO زونل عہدیدار مسٹر وینکٹیشم، EOPRA مسٹر سبرامنیم اور دوسرے موجود تھے۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ منڈل پریشد آفس پر بھی پریسائیڈنگ عہدیداروں اور اسسٹنٹ پریسائیڈنگ عہدیداروں کیلئے تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔
٭ حلقہ اسمبلی یلاریڈی انچارج کی حیثیت سے وائی ایس آر سی پی اعلیٰ کمان نے مسٹر سدھارتا ریڈی کو مقرر کیا ہے۔ چند ماہ قبل حیدرآباد میں ایک مقدمہ میں ملوث ہونے پر پارٹی نے انہیں معطل کردیا تھا جو ان دنوں کیس میں بری ہونے پر پارٹی نے انہیں دوبارہ یلاریڈی حلقہ کا وائی ایس آر سی پی پارٹی انچارج مقرر کردیا ہے۔ ماضی میں مسٹر سدھارتا ریڈی نے پارٹی کو اس حلقہ میں کسی حد تک مستحکم کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے کامیابی پائی تھی۔ مسٹر سدھارتا ریڈی نے بتایا کہ کچھ افراد سیاسی عروج حاصل کرنے پر ان سے حسد کررہے تھے جس کی سازش کی وجہ سے انہیں پارٹی سے دور رہنے کی نوبت آئی تھی۔ اب دوبارہ منظم طریقہ سے وائی ایس آر سی پی کو حلقہ میں اس کا مقام دلانے کا انہوں نے عزم ظاہر کیا۔
٭ مواضعات کی ترقیات میں حائل ہونا کانگریس کا ہی کارنامہ ہے۔ یلاریڈی پر تلگو دیشم پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی جی گوڑ ایم ایل سی نے کہا کہ مقامی چناؤ کی میعاد 2011ء میں ہی ختم ہونے پر چناؤ نہ کرواکر کانگریس نے مواضعات کی ترقی کو روکا ہے۔ مواضعاتی ترقی کیلئے تقریباً 3 ہزار 500 کروڑ روپئے استعمال نہیں کئے گئے۔ اس موقع پر تلگو دیشم ضلع صدر مسٹر گنگادھر، ظہیرآباد پارلیمانی حلقہ انچارج مسٹر مدن موہن راؤ، یلاریڈی حلقہ انچارج مسٹر سبھاش ریڈی، تلگو دیشم قائدین میں مسٹر شیخ غیاث الدین سابق زیڈ پی ٹی سی، جئے راج دسرتھ، شنکر نائیک، اعجاز احمد مسرور، پرنہ راملو ، سرینواس ریڈی، لکشمیا ، راجندر، امجد خاں، نارا گوڑ ، سائی راملو موجود تھے۔