ضلعی عہدیداروں کی عدم دلچسپی ، اولیائے طلبہ میں گہری تشویش
یلاریڈی ۔ 15 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی اردو میڈیم ہائی اسکول میں ایک عرصہ دراز سے اساتذہ کا فقدان آج تک برقرار ہے جس سے طلباء کی تعلیم پر گہرا منفی اثر پڑ رہاہے ۔ مقامی اردو میڈیم بوائز ہائی اسکول میں صرف تلگو اور اردو کے طلباء کو انگریزی ، ریاضی ، سائینس کی تعلیم گزشتہ دو ماہ سے آغاز ہی نہیں کی گئی جس سے اولیائے طلبہ میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ان دنوں کئی اساتذہ کے تبادلوںکے باوجود اس اسکول میں کوئی اساتذہ کا تقرر نہیں کیا اور نہ ہی ودیا والینٹروں کا تقرر کرنے میں ضلعی عہدیداروں نے کسی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور نہ مکمل نصاب موجود ہے ۔ ایسے میں دسویں جماعت کے طلباء کی تیاری کیسے ہوگی اس کی ذمہ داروں کو کوئی پرواہ نہیں ہے ۔ اردو میڈیم کے ساتھ اس طرح کا سوتیلا سلوک عرصہ دراز سے چلتا آرہا ہے ۔ حکومت تو اقامتی اسکولوں کو ہی اپنا حصہ سمجھ رہی ہے باقی تمام اسکولوں سے متعلق اسکی عدم دلچسپی معنیٰ خیز ہے ۔ دسویں جماعت کے طلبہ کی کامیابی یقینی بنانے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے تو پھر اقلیتی طلبہ کا تعلیمی مستقبل کیا ہوگا ؟ تعلیم کے میدان میں غیرمعمولی کامیابی کا دعویٰ کرنے والی ریاستی حکومت نے اردو میڈیم کے ساتھ منفی رویہ ترک نہیں کیاہے ۔ ضلعی متعلقہ عہدیدار اس طرف توجہ کرکے اردو میڈیم طلبہ کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیںاور فوری مکمل اساتذہ کا تقرر کریں۔ ریاست میں اردو کو دوسری زبان کا درجہ دیدینا ہی کافی نہیں اس کے ساتھ کامل انصاف بھی ضروری ہے۔حکومت اور ذمہ داران کو احساس تک نہیں اولیائے طلبہ بار بار توجہ دلانے کے بعد بھی اساتذہ کا کوئی انتظام نہیں کیاگیا جس سے اولیائے طلباء اردو میڈیم میں مایوسی پھیل گئی ہے ۔ اساتدہ کے بغیر اسکول کا نتیجہ صد فیصد کیسے آئے گا ؟ ذمہ داران اور ضلعی عہدیداروں کو سوچنا چاہئے ۔ خاص کر دسویں جماعت کے اردو میڈیم طلبہ کا مستقبل داؤ پر ہے۔ اولیائے طلبہ کا مطالبہ ہے کہ فوری اساتدہ کا تقرر عمل میں لایا جائے تاکہ بچوں کو اپنی مادری زبان میں تعلیم دلانے کا فیصلہ سرپرستوں کی عظیم غلطی نہ ثابت ہو ۔ ضلعی سطح پر اردو میڈیم اسکولوں کیلئے بہتر نمائندگی نہیں اور نہ کسی کو دلچسپی ہے تو پھر غیراردو داں طبقہ کو کیوں کر دلچسپی ہوگی؟ ایسی صورتحال میں طلباء کو اعلیٰ تعلیم کا حوصلہ کہاں سے ملے گا جبکہ اردو کے ساتھ نچلی سطح پر ہی جگہ جگہ مایوسی کا سامنا ہے ۔ متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو اپنی ذمہ داری محسوس کرنا چاہئے اور یلاریڈی مستقر کے اردو میڈیم ہائی اسکول کیلئے اساتذہ کو مقرر کرنے میں عجلت کرنی چاہئے جس سے طلباء کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچایا جاسکے ۔