’یعقوب میمن کو پھانسی کے پھندہ سے بچالیا جائے ‘

صدر جمہوریہ کو شتروگھن سنہا‘ رام جیٹھ ملانی،منی شنکر ایر ، سیتا رام یچوری، ڈی راجہ کے بشمول 20 ممتاز شخصیات کی تازہ درخواست رحم

نئی دہلی 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا اور ان ہی کی پارٹی کے خارج شدہ رکن پارلیمنٹ جیٹھ ملانی کے بشمول مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ‘سرکردہ قانون دانوں اور مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیت نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو آج ایک تازہ درخواست پیش کرتے ہوئے ممبئی دھماکوں کے مجرم یعقوب میمن کو دی گئی سزائے موت منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ یعقوب عبدالرزاق میمن کو دی گئی سزائے موت پر یقینی تعیمل روکنے کیلئے پیش کردہ ایک تازہ درخواست میں دستخط کنندگان نے دعوی کیا ہے کہ ’’بعض ٹھوس اور تازہ بنیادیں ابھری ہیں

جن پر مثبت غور کیا جانا چاہئے‘‘۔ ٹاڈا عدالت کی طرف سے جاری کردہ پروانہ موت کے مطابق یعقوب میمن کو تختہ دار پر چڑھانے کی تاریخ 30 جولائی مقرر ہے ۔ صدر جمہوریہ کے نام ملک کی چند ممتاز شخصیات کی درخواست ایک ایسے وقت پیش کی گئی ہے جب یعقوب میمن کو دی جانے والی پھانسی پر ایک زبردست سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ بی جے پی نے میمن کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف بعض سیاسی جماعتوں کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہلکی سیاست‘ کیلئے ایسی مدافعت کی جارہی ہے ۔ اس دوران خود بی جے پی کے ہی ایک سینئر رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا‘ جنہوں نے گذشتہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سیاسی حریف اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کی ستائش کی تھی انہوں نے یعقوب میمن  کو پھانسی کے سوال پر آج پھر اپنی پارٹی کے اختیار کردہ موقف کی خلاف ورزی کی ۔ 15 صفحات پر مشتمل درخواست میں دستخط کنندگان نے مختلف قانونی پہلووں اور بین الاقوامی تقاضوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یعقوب میمن کو پھانسی نہیں دی جانی چاہئے ۔

 

صدر پرنب مکرجی کو پیش کردہ اس درخواست میں درخواست گذاروں نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنی پوری عاجزی و انکساری کے ساتھ عزت مآب (صدر) سے درخواست کرتے ہیں کہ یعقوب عبدالرزاق میمن کے کیس پر غور کریں اور ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر منقسم کرنے کیلئے کسی اور سازشی ذہن کی طرف سے کئے گئے جرم پر اُن (یعقوب میمن ) کو دی گئی سزائے موت اور پھانسی کے پھندہ سے بچا لیا جائے‘‘۔دستخط کنندگان نے مزید کہا کہ ’’اس کیس میں رحم سے یہ پیغام جائے گا کہ ملک اگرچہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گا ۔ نیز بحیثیت ایک قوم ہم رحم کی قوت کے استعمال اور انصاف ‘ عفو و درگذر کے اقدار کے مساویانہ طور پر پابند عہد ہیں ۔ خون خرابہ اور انسانی قربانی اس ملک کو ایک محفوظ مقام نہیں بناسکتی بلکہ اس سے ہماری تضحیک و تذلیل ہوگی‘‘۔ صدر کے نام تازہ ترین درخواست رحم پر دستخط کرنے والوں میں شترو گھن سنہا‘ رام جیٹھ ملانی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ منی شنکر ایئر (کانگریس) مجید میمن ( این سی پی)‘ سیتا رام یچوری (سی پی آئی ایم )‘ ڈی راجہ ( سی پی آئی )‘ کے ٹی تلسی ‘ایچ کے دعا (نامزد) اور ٹی سیوا ( ڈی ایم کے ) کے علاوہ سی پی آئی (ایم ) کے سابق جنرل سکریٹری ‘ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹا چاریہ ‘برندا کرت ( سی پی آئی ایم ) فلمی شخصیات نصیر الدین شاہ ‘ مہیش بھٹ ایم کے رائینا اور توشار گاندھی بھی شامل ہیں۔