حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ جاگروتی کی صدر اور رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا نے آج یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد میں عالمی معیار کے مدر اینڈ چائلڈ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پہلی مرتبہ ایک چھت کے نیچے انتہائی عصری سہولتوں کے ساتھ گیناکالوجی، بانجھ پن، IVF اور امراض اطفال شعبوں میں بہتر سہولتیں دستیاب ہیں۔ 200 بستروں کے ساتھ قائم کردہ اس ہاسپٹل کا کویتا نے معائنہ کیا۔ انہوں نے یشودھا گروپ آف ہاسپٹل کے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور خواتین اور بچوں کی صحت سے متعلق سہولتوں کی دستیابی کو سراہا۔ یوشودھا گروپ آف ہاسپٹل گزشتہ 30 برسوں سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ ڈاکٹر جی ایس رائو منیجنگ ڈائرکٹر یشودھا ہاسپٹل جو ملک کے نامور ماہر امراض اطفال میں شمار کیے جاتے ہیں، کہا کہ موجودہ عصری سہولتوں کے ساتھ مستقبل میں یہ ایک چلڈرن ہاسپٹل کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ انہوں نے یشودھا ہاسپٹل کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں سے واقف کرایا۔ ڈائرکٹر یشودھا ہاسپٹلس پی گوروکنٹی نے یشودھا مدر اینڈ چائلڈ انسٹی ٹیوٹ میں دی جارہی سہولتوں اور خصوصیات کی تفصیلات بیان کی۔