یسین بھٹکل جیل سے فرار ہونے کوشاں

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : لمبنی پارک اور گوکل چاٹ بھنڈار بم دھماکوں کے مشتبہ ملزم یسین بھٹکل کے فون کالس کا ایک نیا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی نے انتباہ دیا ہے کہ یسین بھٹکل جیل سے فرار ہونا چاہتا ہے اور فون پر جیل سے فرار ہونے کا منصوبہ تیار کررہا ہے ۔ مشتبہ دہشت گرد یسین بھٹکل کو لمبنی پارک اور گلوکل چاٹ بھنڈار سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ یسین بھٹکل فون تنازعہ میں قومی تحقیقات ایجنسی کے انتباہ پر جیل حکام نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔ تاہم اس کے فرار ہونے کی کوششوں کی باتوں کو مسترد کردیا ۔ جیل کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں یسین بھٹکل پر کڑی نظر رکھی گئی ہے اور وہ جیل میں ایسی کوئی کوشش نہیں کرسکتا اور نہ ہی سیل فون استعمال کرسکتا ہے ۔ جیل حکام نے بتایا کہ ہر قیدی کو جیل کے لینڈ لائن فون استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے تاہم یہ سہولت بھٹکل کو نہیں دی گئی تھی ۔ جس کے بعد عدالت کے حکم پر بھٹکل کو ہفتہ میں دو مرتبہ فون پر بات کرنے کی اجازت دی گئی اور یہ فون کال بھی ریکارڈ کئے جاتے تھے اور صرف 5 منٹ بات کرنے کی اجازت ہوتی تھی ۔ جیل میں رشتہ داروں سے بات کرنے کے لیے دو نمبروں کو پہلے رجسٹرڈ کروانا پڑتا ہے ۔ یسین ، والدہ اور بیوی سے بات کرتا تھا اور اب تک 27 مرتبہ اس نے بات کی اور جیل سے فرار ہونے کی ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔۔