عمان 4 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اردن کے وزیر خارجہ ایمن سفادی نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی تسیلم کرنے کے ‘خطرناک نتائج’ برآمد گے ۔ایمن سفادی نے بتا یا کہ انہوں نے امریکی سیکریٹری خارجہ ریکس ٹلرسن پر واضح کر دیا ہے کہ اس کسی اعلان سے عرب اور اسلامی دنیا میں سخت ناراضگی ابھر کر سامنے آسکتی ہے ۔ایسی قیاس آرائیاں بڑھتی جارہی ہیں کہ صدر ٹرمپ اپنا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے جلد ہی اس متنازعہ فیصلے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کر دیں گے ۔صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کا بہر حال کہنا ہے کہ ابھی اس بابت کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اعلیٰ امریکی حکام کا کہنا ہے مسٹر ٹرمپ یروشلم کو اگلے ہفتے ہی اسرائیلی راجدھانی کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔جہاں تک اقوام متحدہ کا تعلق ہے تو وہ یروشلم پر اسرائیل کی حاکمیت کو تسلیم نہیں کرتا ۔ اس کے مطابق یروشلم بھی ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے ۔فلسطینی بھی یروشلم کو جسے وہ بیت المقدس کہتے ہیں اسرائیلی راجدھانی ماننے کے لئے تیار نہیں ۔ ان کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آ سکتا ہے۔