یاقوت پورہ میں کارڈن سرچ آپریشن ، 43 گرفتار

حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ میں کارڈن سرچ آپریشن کرتے ہوئے 43 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر غوث محی الدین کی زیرنگرانی 250 پولیس ملازمین پر مشتمل ٹیموں نے علاقہ یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن، دبیرپورہ ریلوے اسٹیشن اور ناگا باؤلی علاقوں میں کارڈن سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 80 گاڑیوں اور تین آٹوز کو ضبط کیا جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے۔ پولیس نے 43 افراد بشمول 6 روڈی شیٹرس کو بھی حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چلتی ہوئی ٹرینس پر سنگباری کرنے والے افراد کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے اُنھیں حراست میں لیا گیا۔ کارڈن سرچ آپریشن کے لئے پولیس نے عصری ٹیکنالوجی کے سی ڈیاٹ، ٹی ایس کاپ اپلی کیشنس کا استعمال کرتے ہوئے مجرمین کی نشاندہی کی۔