یاقوت پورہ میں روڈی شیٹر کے ہاتھوں روڈی شٹر کا قتل ، قرض کی عدم واپسی پر جھگڑا

حیدرآباد /22 اگست ( سیاست نیوز ) پرانا شہر حیدرآباد میں باہمی رقابت ، مخاصمت غنڈہ عناصر کی ٹولیوں میں تصادم کے سبب حالیہ عرصہ کے دوران قتل کے واقعات اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تقریباً روز مرہ کا معمول بن گئے ہیں ۔ دو روز قبل روڈی شیٹر فاروق کے قتل کے بعد آج ایک علحدہ واقعہ میں ایک روڈی شیٹر کے ہاتھوں دوسرے کے قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ قاتل اور مقتول بچپن کے دوست تھے لیکن قرض کی واپسی کے مسئلہ پر پیدا شدہ اختلافات کے سبب ایک دوست نے دوسرے کی جان لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایس آر ٹی کالونی یاقوت پورہ میں رات دیر گئے مظہر اللہ عرف جمی نے اپنے بچپن کے ساتھی شیخ خواجہ محی الدین کا قتل کردیا ۔ مقتول کی عمر 33 سال بتائی گئی ہے ۔ جو روڈی شیٹر تھا اور مغل پورہ کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ قاتل اور مقتول دونوں بچپن کے ساتھی تھی ۔ ان دونوں میں رقمی لین دین کا معاملہ تھا اور قاتل مقتول کا قرض دار تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق خواجہ محی الدین پہلے رین بازار میں رہتا تھا جس کی روڈی شیٹ رین بازار میں تھی اور وہ دو قتل کے معاملوں میں ملوث تھا ۔ جیسے ہی وہ مغل پورہ منتقل ہوگیا اس کی روڈی شیٹ کو رین بازار سے مغل پورہ منتقل کردیا گیا ۔ خواجہ نے اپنے تین لاکھ روپیوں کو حاصل کرنے کیلئے مظہر عرف جمی پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا تھا ۔ کلرات منصوبہ بند طریقہ سے جمی نے اپنی بیوی کو مائکے روانہ کردیا ۔ شام تقریباً ساڑھے 5 بجے اپنے بچپن کے ساتھی مظہر اللہ کو اپنے مکان آنے کیلئے کہا ۔ خواجہ اپنے مکان میں جمی کے یہاں جانے کی اطلاع دی تھی اور رات 10 بجے جمی کے مکان پہونچا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ کا قتل رات دیر گئے تقریباً 2 تا 3 بجے کے درمیان ہوا ہوگا ۔ اس خصوص میں انسپکٹر رین بازار مسٹر رمیش نے بتایا کہ خواجہ کے قاتل مظہراللہ عرف جمی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ تاہم انسپکٹر نے اسکی خودسپردگی کی تردید کردی اور کہاکہ جمی کو پولیس نے خود حراست میں لے لیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔