یاقوت پورہ میں ایک مزدور کا قتل

حیدرآباد۔ 7 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ میں پیش آئی واردات میں ایک مزدور کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں رین بازار پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ رشیدیہ فنکشن ہال نزد ریلوے اسٹیشن یاقوت پورہ میں حملہ کرکے اس کا قتل کردیا۔ انسپکٹر رین بازار محمد جاوید نے مقام واردات پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا اور مقتول کی شناخت 40 سالہ منیر شاہ کی حیثیت سے کی۔ انہوں نے سراغ رسانی دستہ کو طلب کیا جس نے مقام واردات سے اہم شواہد اکٹھا کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ منیر شاہ اور ایک شخص کے درمیان بحث و تکرار کے بعد اس پر آہنی سلاخ سے حملہ کرکے اس کا قتل کردیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔