پالی کیلے ۔ 3 جولائی ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) پالی کیلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فیصلہ کن ٹسٹ کا آج سنسنی خیز آغاز ہوا ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یاسر شاہ نے مصباح کے اس فیصلے کو درست ٹھہرانے میں اہم کردار ادا کیا اور پہلے دن کے اختتام پر سری لنکا کا اسکور 272/8 تھا ۔ پاکستان نے جلد ہی پہلی وکٹ راحت علی کی مدد سے حاصل کی جنھوں نے جے سلوا کو آئوٹ کیا لیکن اس کے بعد کرونا رتنے اور اپل تھرنگا نے سنچری مکمل ہونے تک کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اس کے بعد یاسر (31-4-77-4) نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وقفہ وقفہ سے وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سری لنکا کو 272/8 تک پہونچادیا ۔ سری لنکا کی جانب سے ایک بار پھر شاندار مظاہرہ کرونا رتنے (130) نے کیا ۔پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد حفیظ اپنے ایکشن کی وجہ سے جبکہ وہاب ریاض پچھلے میچ میں زخمی ہونے کے باعث اس میچ سے باہر ہیں ان کی جگہ راحت علی، شان مسعود، احسان عادل اور عمران خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔