یاسر شاہ 10بہترین ٹسٹ بولروں میں شامل

دبئی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز میں اب تک دو ٹسٹ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں دس بہترین بولروں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ 2014ء میں اپنے ٹسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے 29 سالہ یاسر نے ابھی تک صرف نو ٹسٹ میچ ہی کھیلے ہیں۔ تاہم انھوں نے ان میچوں میں 54 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ سب سے کم ٹسٹ میچوں میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی بولر بھی ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر صوابی سے تعلق رکھنے والے یاسر اس وقت آئی سی سی کے بہترین ٹسٹ بولروں کی فہرست میں 750 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔ یہ ان کے کریئر کی بہترین ریٹنگ ہے اور وہ اس فہرست میں گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد شامل ہوئے ہیں۔ اس ٹسٹ میں یاسر نے اپنے کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 90 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انھوں نے کولمبو میں دوسرے ٹسٹ میں بھی آٹھ وکٹیں لیں لیکن ٹیم کو فتح یاب نہ کروا سکے۔ یاسر نے اپنا پہلا ٹسٹ میچ اکتوبر 2014ء میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا۔ اس ٹسٹ میچ میں ان کی بولنگ دیکھ کر شہرہ آفاق آسٹریلیائی لیگ اسپنر شین وارن نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کی صلاحیتوں کی زبردست تعریف کی تھی۔ یاسر ابتدائی دس ٹسٹ بولروں میں شامل واحد پاکستانی ہیں اور یاسر کے بعد اس فہرست میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کا نام ہے جو اس وقت 12ویں نمبر پر ہیں۔ خیال رہے اجمل مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے چھ ماہ سے زیادہ عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہے اور ایکشن کے درستگی کے بعد بھی وہ پاکستان کیلئے کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلے ہیں۔