یاسر شاہ کے موٹاپے سے پی سی بی پریشان

کراچی۔15 مئی(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل لیگ اسپنر یاسر شاہ کی فٹنس کے ساتھ ان کا وزن کم کرنے پر بھی توجہ دے رہا ہے۔ نیشنل اکیڈمی لاہور میں انہیں خصوصی ایروبک ایکسر سائز کروائی جارہی ہے۔ یاسر شاہ گھٹنے کی تکلیف اور کولہے میں فریکچر کی وجہ سے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے تین ٹسٹ میچوں سے باہر ہوئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یاسر شاہ کو فٹنس مسائل سے نکالنے کے ساتھ انہیں ایک اچھا اسپورٹس مین بنایا جارہا ہے تاکہ وہ کم از کم تین سال فٹنس کے مسائل کے نجات حاصل کرسکیں۔ یاسر شاہ نے اس ضمن میںکہا ہیکہ ری ہیبلی ٹیشن کے بعد بہتر محسوس کررہا ہوں اور پرستارو ں کا شکر گذار ہوں جن کی دعائوں کی وجہ سے میری فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ مئی 2016 سے اب تک یاسر شاہ نے پاکستان کی جانب سے 17 میں سے 16 ٹسٹ میچ کھیل کر 89 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2016 میں یاسر شاہ نے لارڈز کے میدان پر تاریخی ٹسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس میچ میں کامیابی سے پاکستان انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز 2۔2 سے برابر کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔ یاسر شاہ نے صرف 17 میچوں میں اپنی 100 ٹسٹ وکٹیں جبکہ 27 میچوں میں 150 ٹسٹ وکٹیں حاصل کی تھیں جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا یہ سنگ میل عبور کرنے کا دوسرا تیز ترین ریکارڈ ہے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم ان کی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔ یاسر شاہ کی عمر32 سال ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل انہیں 35 سال تک فٹ دیکھنے کے لئے کام کررہا ہے۔ وہ اکتوبر نومبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی سیریز میں شرکت کریں گے۔