کراچی ۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور پاکستان سوپر لیگ کی گورننگ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی ڈوپنگ معاملے میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ بورڈ کی پوری کوشش ہے کہ ایسا موقف پیش کریں جس سے یاسر شاہ پر کم سے کم پابندی لگے اور ان کی کرکٹ میں واپسی جلدی ممکن ہوسکے۔ میڈیا سے اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے جس طرح اسپاٹ فکسنگ پر سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کیلئے بھرپور مدد کی اسی طرح یاسر شاہ کو بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کو بچانے کیلئے تعاون کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ یاسر شاہ ٹیم میں جلد واپسی کریں گے اور کرکٹ بورڈکی جانب سے کوشش کی جائے گی کہ انہیں ڈوپنگ معاملے پر کم از کم سزا ہو۔