کراچی ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) یاسر شاہ 32 ٹسٹ میچز میں 195وکٹوں کی بدولت ٹسٹ وکٹوں کی تیز ترین ڈبل سنچری کے عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔آسٹریلیائی بولر کلیری گریمیٹ نے 36 میچوں میں وکٹوں کی تیز ترین ڈبل سنچری مکمل کی تھی اور یاسر شاہ کو اب آئندہ تین ٹسٹ میچوں میں اس ریکارڈ کو توڑنے کیلئے پانچ وکٹیں درکار ہیں۔
خودکشی کرنا بھی سوچا تھا : سری سنت
ممبئی ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) میچ فکسنگ میں تاحیات پابندی کے شکار کرکٹر شری سنت نے کہا ہے کہ کرپشن مقدمہ میں نام آنے پر انہوں نے خودکشی کا بھی سوچا تھا۔سابق فاسٹ بولر شری سنت نے ٹی وی پروگرام ’بگ باس‘ میں انکشاف کیاکہ 2013 میں آئی پی ایل کرپشن کیس میں نام سامنے آنے پر انھوں نے خودکشی کا بھی سوچا تھا، انھوں نے ایک بار پھر اپنے بے گناہ ہونے پر اصرار کیا اور گزرے ہوئے وقت کو یاد کرکے روپڑے۔ شری سنت نے کہاکہ جب میرا بیٹا بڑا ہوکر کرکٹر بنے گا تو میں پابندی کی وجہ سے اس کا کھیل دیکھنے کے لئے بھی اسٹیڈیم نہیں جاسکوں گا۔