دبئی ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں 14وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کی بولنگ کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں لیگ اسپن بولنگ کا ایسا شاندار اسپیل کیا جو کسی نے آج تک نہیں دیکھا ہو گا۔ پاکستانی اسپنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں8 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لیتے ہوئے مجموعی طور پر 184رنز کے عوض 14وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت پاکستان نے میچ میں مہمان ٹیم کو اننگز اور 16رنز سے شکست دی۔ مکی آرتھر نے یاسر شاہ کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ ذہنی طور پر بہت پرسکون ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ہماری ٹسٹ ٹیم میں وہ کتنی اہمیت رکھتے ہیں، انہوں نے ردھم حاصل کر لیا ہے اور بہت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ خصوصاً یاسر شاہ کا پہلی اننگز کا اسپیل بہت ہی شاندار تھا اور میرے خیال میں یاسر کا آدھے گھنٹہ کا جو اسپیل کیا وہ آپ نے ٹسٹ کرکٹ میں آج تک نہیں دیکھا ہو گا۔ یاد رہے کہ پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 418 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 50 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تھا لیکن اس کے بعد 40 رنزکے اضافے سے پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے ذمہ دار یاسر شاہ تھے جنہوں نے صرف 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کپتان سرفراز احمد پر ہونے والی تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بہت زیادہ محنت کرتے ہیں، ان کا اصل کام وکٹ کیپنگ ہے اور وہ یہ کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ مکی آرتھر نے کپتان کے ساتھ اختلافات کی باتوں کو مسترد کردیا ہے۔