سنچورین ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں شکست کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے بیٹسمینوں کے لئے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔ سنچورین کی وکٹ بہت خطرناک ہے اور یہاں چوتھے دن 200 یا زائد رنز کے ہدف کا تعاقب مشکل ہوتا ہے۔ جنوبی افریقا نے گزشتہ 3 برسوں میں بہترین لیگ اسپنر کا سامنا نہیں کیا ، انہیں یاسر کا سامنا کرنے میں مشکل پیش آئے گی جس سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ سنچورین میں پہلے ٹسٹ کے ضمن میں سرفراز احمد نے کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے جنوبی افریقہ میں کوچنگ کی ہے لہٰذا انہیں تجربہ حاصل ہے اور میزبان کیخلاف مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ سینچورین کی حالات ہمارے ذہن میں ہیں۔ یہاں چوتھی اننگز میں کوئی بیٹنگ نہیں کرنا چاہتا۔ سابق کپتان اور تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی نے کہا کہ سیریز چیلنج ہے، ہر کوئی محنت کر رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف ماضی کی سیریز سے سیکھتے ہوئے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا ، یہاں پہلی مرتبہ کھیلنے والوں کو بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ حالات سے کیسے ہم آہنگ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ بہت خراب ثابت ہوا تھا، تاہم اس دورے میں پاکستان ٹیم کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ میزبان ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں زیر کرے۔ یادرہے کہ یاسر نے حالیہ دنو ں میں تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔