پونے ۔27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )فاسٹ بولر جسپریت بمرا کی شاندار واپسی کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے یہاں پونے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ونڈے میں مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز تک محدود رکھا ۔ ابتدائی دو مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہ رہنے والے فاسٹ بولر بمرا نے تیسرے ونڈے میں شاندار واپسی کرتے ہوئے دس اوورز میں 35 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ویسٹ انڈیز کے لیے شائی ہوپ نے پھر ایک مرتبہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن وہ پانچ رن کی کمی سے سنچری سے محروم رہے ۔ 113 گیندوں میں چھ چوکوں اور 3 چھکوں کے ہمراہ انہوں نے 95 رنز کی اننگز کھیلی۔ تیز رفتار رنز بنانے والے شیمون ہیٹ مائر اس مرتبہ ناکام رہے حالانکہ انہوں نے 21 گیندوں میں 2 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ 37 رنز بنائے ۔ علاوہ ازیں اسپینر نرس نے لوورآرڈر میں 22 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اپنی تیز رفتار اننگز میں 40 رنز اسکور کئے دیگر بیٹسمینوں میں کپتان جیسن ہولڈر نے 32 رنز اوراوپنر پاول نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ہندوستان کیلئے بمرا کامیاب بولر ثابت ہوئے جبکہ ان کے ساتھ سیریز میں واپسی کرنے والے دوسرے بولر بھنونیشور کمار کافی مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے اپنے 10 اوورس میں 70 رنز دیکر صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثناء محمد خلیل نے 10 اوورس میں 65 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔درمیانی اوورس میں کلدیپ یادو کی بولنگ نے اہم رول ادا کیا جیسا کہ چائنا بولر نے 10 اوورس میں 52 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کی۔