نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کے صدر مسٹرراہول گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ نیدستور ہند کے حوالے سے دئے گئے مرکزی وزیرِ مملکت مسٹر اننت کمار ہیگڑے کے بیان کے احتجاج میں پارلیمنٹ احاطے میں مظاہرہ کیا اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کل اس معاملے کو اٹھانے کے بعد پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ نے پارلیمٹ ہاؤس کے احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔احتجاج میں مسٹرراہول گاندھی کے علاوہ لوک سبھا میں پارٹی کے رہنما ملکا ارجن کھڑگے راجیہ سبھا میں اپوزیشن پارٹی کے لیڈر مسٹر غلام نبی آزاد کے ساتھ دیگر کئی ممبرانِ پارلیمنٹ موجود تھے ۔وہ نعرے لگا رہے تھے ،آئین کی توہین نہیں برداشت کریگا کا ملک ،وزیر کو برخاست کرو،آئین پر حملہ بند کرو،ملک کو توڑنا بند کرو ۔ارکان نے ہاتھوں میں اپنی مانگ کی حمایت میں تختیاں لے رکھی تھیں۔