ہیٹ ٹرک کا مجھے علم نہیں تھا: کیرن

موہالی ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان آل راؤنڈر سام کیرن نے گذشتہ روز دہلی کیپٹلس کے خلاف کنگس الیون پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک حاصل کی ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کی جانب سے لی جانے والی یہ ہیٹ ٹرک رواں سیزن کی پہلی کامیابی ہے ، جب کہ اس ہیٹ ٹرک کی بدولت کنگس الیون پنجاب نے دہلی کو 14رنز سے شکست دی ۔ نارتھمپٹن کے 20سالہ آل راؤنڈر کیرن کو پنجاب نے مہینگے ترین کھلاڑی کے ذریعہ 7.20 کروڑ میں حاصل کیا اور وہ آئی پی ایل میں ہیٹ ٹرک لینے والے نوجوان ترین بولر بن گئے ہیں اور اس طرح انہوں نے روہت شرما کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 22سال کی عمر میں 2009ء کے ایڈیشن میں ممبئی انڈینس کے خلاف دکن چارجس کی نمائندگی کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک حاصل کی تھی ۔ کیرن کو اس شاندار مظاہرہ پر میان آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ ہیٹ ٹرک کے ضمن میں کئے گئے استفسار پر کیرن نے کہاکہ یقینی طور پر میں یہ نہیں جانتا تھا اور جب ہمیں کامیابی حاصل ہوئی تو ساتھی کھلاڑی نے مجھ سے آکر کہا کہ میں نے ہیٹرک لی ہے ۔ زمبابوے کے سابق آل رارنڈر کیون کیرن کے بیٹے اور انگلینڈ کے ایک اور آل راؤنڈر ٹام کیرن کے چھوٹے بھائی ہیں ۔