ہیٹ مایر کے نام سیریز میں زیادہ چھکوں کا ریکارڈ

ممبئی ۔28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پونے میں پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کھیلاگیا۔ سریز میں ہندوستانی بولروں کی سانسیں روک دینے والے نوجوان بیٹسمین شیمرون ہیٹ مائر 21 گیندوں میں دوچوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 37 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ انہیں کلدیپ یادو کی گیند پر وکٹ کیپر دھونی نے شاندار انداز میں اسٹمپ آوٹ کیا لیکن وہ اپنی اس چھوٹی سی اننگز کے باوجود ہندوستان میں ویسٹ انڈیز کے سکسر کنگ (سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹسمین ) بن گئے ہیں۔ ہیٹ مائر نے اب تک سیریز کے تین میچوں میں 16 چھکے لگائے ہیں جوکہ ہندوستان میں کسی بھی ویسٹ انڈیز بیٹسمین کا ریکارڈ ہے۔ ہیٹ مائر سے پہلے ہندوستان کے خلاف ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کرس گیل کے نام تھا ، جنہوں نے 2002-03 میں 13 چھکے لگائے تھے لیکن اس سیریز میں سات میچ کھیلے گئے تھے۔ حالانکہ اس کے بعد 2011-12 میں کیرون پولارڈ نے بھی 13 چھکے لگائے ، لیکن وہ کرس گیل کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ اس مرتبہ ویسٹ انڈیز پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ ایمانداری سے کہا جائے تو 15 ونڈے میچ کھیلنے والے 21 سال کے ہیٹ مائر ویسٹ انڈیز کے نئے سکسر کنگ بن کر ابھرے ہیں کیونکہ اب تک انہوں نے اپنے مختصرکرئیر میں 47.73کی اوسط سے 716 رن بنائے ہیں ، جس میں تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاںشامل ہیں اور اس دوران وہ 48 چوکے اور 29 چھکے لگاچکے ہیں۔