ہیوز کی موت پر بالی ووڈ کا اظہار تعزیت

ممبئی ۔27نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فرحان اختر‘ انوپم کھیر ‘راہول بوس کے علاوہ دیگر کئی بالی ووڈ اسٹارس نے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت پر غم اور اظہار تعزیت کیا ہے ۔ 25سالہ ہیوز گھریلو کرکٹ کے ٹورنمنٹ شیفلڈ شیلڈ کے ایک مقابلہ کے دوران حریف بولر شان ایبٹ کے باؤنسر پر زخمی ہوکر دواخانہ میں شریک تھے تاہم آج وہ انتقال کرگئے ۔ بالی ووڈ اسٹارس نے اپنے غم اور اظہار تعزیت کیلئے ٹوئیٹر کا استعمال کیا ہے ۔ اداکار و ہدایت کار فرحان اختر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہیوز کی موت پر انہیں غم ہے جب کہ اُمید ہے کہ شان ایبٹ اس صدمہ سے باہر نکل آئیں گے ۔ سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ غم اور المیہ ہے جس نے سب کو حیران کردیا ہے ۔راہول بوس نے بھی ہیوز سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا نقصان ہے

اور وہ سب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایبٹ کی حمایت کریں ۔انہوں نے اپنے ٹوئیٹر کے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہیوز کے ساتھ جو کچھ ہوا اس میں ایبٹ کا کوئی قصور نہیں اور یہ ضروری ہے کہ فاسٹ بولر خود کو الزام نہ دیں ۔ علاوہ ازیں اداکار ارباز خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلیائی کرکٹر ہیوز کے انتقال کرجانے کی خبر کافی مایوس اور حیران کن ہے جیسا کہ وہ باؤنسر کھیلنے کی کوشش میں زخمی ہوئے ۔ بالی ووڈ کے علاوہ ایم سی سی نے بھی آسٹریلیائی بیٹسمین کی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔ 25سالہ ہیوز جو کہ ساؤتھ آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے نیوساؤتھ ویلس کے فاسٹ بولر شان ایبٹ کے باؤنسر زخمی ہونے کے بعد دواخانہ منتقل ہوئے تھے ۔ لارڈس میں ایم سی سی کا پرچم نیچے اتاردیا گیا تھا اور کھلاڑی کیلئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے صرف نصف بلندی تک لہرایا گیا ۔