ہیوز کی آخری رسومات ، مودی اور سچن کا خراج عقیدت

سڈنی ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیائی کرکٹر فلپ ہیوز کو ان کے آ بائی شہر ماکس ویل میں سپرد خاک کردیا گیا۔ان کی آ خری رسومات میں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اور کئی کرکٹرزسمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ماس ویل ہائی اسکول میں فل ہیوز کی منعقدہ آ خری رسومات میں شریک ہر آ نکھ اشکبار تھی۔اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آ ئے۔ہیوز کے لیے دعائیہ تقریب ہوئی۔اس موقع پر سر ایلٹن جان نے اپنے منفرد انداز میں ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ہیوز کی دعائیہ تقریب میں کپتان مائیکل کلارک ،آرون فنچ ، ہندوستانی بیٹسمین ویراٹ کوہلی ، مرلی وجئے ، روہت شرما ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری ،ٹیم مینیجر ارشد ایوب ، کوچ ڈنکن فلیچر ، لیجنڈ کرکٹرز برائن لارا اور رچرڈ ہیڈلی بھی شریک ہوئے۔ پانچ ٹی وی نیٹ ورکس نے ہیوز کی آخری رسومات کو براہ راست نشر کیا جبکہ سڈنی کرکٹ گراؤ نڈ، ایڈیلیڈ اوول، پرتھ اور دیگر میدانوں میں بڑی اسکرینس پر راست دکھایا گیا ۔آنجہانی بیٹسمین کی آج آخری رسومات کے موقع پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ہیوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی سچن تنڈولکر نے بھی اپنے مخصوص انداز میں ہیوز کو خراج پیش کیا۔ سچن نے مزید کہا کہ ہیوز ایک باصلاحیت بیٹسمین تھے۔