ہیوزباؤنسرسے شدید زخمی، سرجری کے بعد بھی حالت نازک

سڈنی 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی بیٹسمین فلپ ہیوز سڈنی میں میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے ہیں اور ہسپتال میں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ کے دوران نیو ساؤتھ ویلز کے بولر شان ایبٹ کا باؤنسر ان کے سر پر لگا جس سے وہ زمین پر گر پڑے ۔انھیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا اور پھر فوراً ایمبولنس کے ذریعہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری ہوئی ہے۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر جاری شیفیلڈ شیلڈ کے اس میچ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔فل ہیوز نے 2009 تا 2013 کے درمیان 26 ٹسٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1500 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔جنوبی آسٹریلیائی کرکٹ اسوسی ایشن کے جنرل منیجر ٹم نیلسن کے بموجب سرجری کا نتیجہ آئندہ 24 تا 48 گھنٹوں سے پہلے نہیں بتایا جا سکتا۔

ہیوز نے گذشتہ مہینے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک ونڈے سیریز میں شرکت کی تھی اور خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اگر کپتان مائیکل کلارک ہندوستان کے خلاف پہلے میچ میں کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہوئے تو انھیں موقع دیا جا سکتا ہے۔ جب ہیوز کے سر پر گیند لگی تو وہ پہلے گھٹنوں پر جھکے اور پھر منھ کے بل زمین پر گر پڑے۔ انھیں فوراً ہی قریب میں موجود فیلڈروں نے گھیر لیا اور مدد کے لیے امپائروں نے اشارہ کیا۔اس کے بعد انھیں سڈنی کے سنٹ ونسنٹ ہسپتال لے جایا گیا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہا ہماری نیک خواہشات اور دعائیں فل ہیوز کے ساتھ ہیں۔ آسٹریلیائی کوچ ڈیرن لیہمن نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہماری نیک خواہشات اور دعائیں فل اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔