بنگلور۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں وکٹ کیپر کا کردار نبھا نے والے حیران کرنے والے پیٹر ہینڈس کامب نے کہا ہے کہ وہ ونڈے میچوں میں بھی یہ کردار نبھانا چاہتے ہیں۔یہ آسٹریلیا کرکٹر کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے اپنی فٹنس پر کام کرنے کو تیار ہے۔ ہینڈس کامب کو وشاکھاپٹنم میں ہندوستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں باقاعدہ وکٹ کیپر یلیکس کیری پر ترجیح دی گئی تھی، جس سے آسٹریلیا کی ورلڈ کپ ٹیم میں ان کی جگہ بنانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ہینڈس کامب نے کہاکہ میں وکٹ کیپنگ کر سکتا ہوں، مجھے صرف اتنا یقینی بنانا ہوگا کہ میں فٹ رہوں، تاکہ 50 اوورز کے میچ میں پہلے فیلڈنگ کے بعد بھی چوتھے یا پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے اتر سکوں اور یقین کروں کہ میں وکٹوں کے درمیان تیزی سے دوڑ سکوں اور ٹیم کے لئے سب کچھ صحیح کر سکوں۔کیری کے پانچ میچوں کی ونڈے سیریز کے لئے ٹیم میں واپسی کرنے کی امید ہے، لیکن ہینڈس کامب موقع ملنے پر پورے دورے کے دوران وکٹ کیپر کا کردار جاری رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹی20 میں چیزیں کافی تیزی سے ہوتی ہیں،ونڈے میچوں میں چیزیں تھوڑی طویل ہو سکتی ہیں،بالخصوص ہندوستان میں موسم گرما کے وسط اور اسپن کی دوستانہ پچوں پر وکٹوں کے قریب مزید کھڑا ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس لئے یہ تھوڑا سخت ہو سکتا ہے، لیکن میں نے اسے لے کر فکر مند ہوں۔ ہینڈس کامب نے 2017 میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے محدود اوورز کے دورے کے دوران اسسٹنٹ کوچ اور ورلڈ کپ فاتح وکٹ کیپر براڈ ہیڈن کے ساتھ کام کیا تھا اور انہوں نے اپنی وکٹ کیپنگ بہتر کا سہراانہیں کو دیا۔