ہینـڈ بیـاگ: خواتین کی منفرد پہچان

ہینڈ بیاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، آپ خاتون خانہ ہوں یا ملازمت پیشہ خاتون یا پھر کالج جانے والی طالبہ، جدید، پُرکشش اور اسٹائلش ہینڈ بیاگ کا استعمال آپ کی شخصیت میں چار چاند لگادیتا ہے۔ ہینڈ بیاگ بظاہر ایک معمولی سی شئے ہے، مگر یہ خواتین کی روز مرہ زندگی کا ایک لازمی جزو ہے۔

آپ شاپنگ کیلئے نکل رہی ہوں‘ دفتر کیلئے یا پھر کالج جانے کیلئے، ایک ضروری ہمسفر جو آپ کی ضرورت کی تمام اشیاء کو سنبھال کر دورانِ سفر آپ کے ساتھ رہتا ہے، وہ آپ کا ہینڈ بیاگ ہوتا ہے، جس میں آپ اپنی سہولت کے مطابق مطلوبہ اشیاء مثلاً موبائیل فون‘ جویلری‘ میک اَپ کِٹ، ٹشو پیپر، ہیئر برش، پانی کی بوتل، ڈائری، آئینہ، لپ اسٹک وغیرہ باآسانی رکھ سکتی ہیں۔مارکٹ میں ہینڈ بیاگس مختلف سائز، ڈیزائنوں اور اشکال میں دستیاب ہیں۔ لامحدود رنگوں کے سمندر میں غوطے لگاتے یہ پُرکشش ہینڈ بیاگس آپ کو اپنی جانب کھینچنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ کاٹن، مخمل، اون، چمڑے اور ریگزین سے بنے ہینڈ بیاگس خواتین میں بے حد مقبول ہیں۔