ہیملٹن کی شاندار سنچری، زمبابوے 331/5

ڈھاکہ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مڈل آرڈر بیٹسمین ہیملٹن مساکٹزا نے شاندار 154 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے زمبابوے کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور 331/5 میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ نمبر تین پر بیاٹنگ کرتے ہوئے ہیملٹن نے 316 رنز کی اپنی اننگز میں 17 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ علاوہ ازیں وکٹ کیپر بیاٹنگ ریگس چکابوا نے 149 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 75 رنز اسکور کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لئے ناقابل تسخیر 142 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے۔ مذکورہ بیٹسمنوں کے علاوہ دیگر کوئی بیٹسمین قابل ذکر مظاہرہ نہیں کرپایا ہے۔ بنگلہ دیش کے لئے شکیب الحسن اسٹار بولر بھی ثابت ہوئے ہیں جیسا کہ انھوں نے 30 اوورس میں70 رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 433 رنز اسکور کئے ہیں جس میں اوپنر تمیم اقبال نے 109 رنز اور شکیب الحسن نے 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہیں۔