ہیمامالنی نے حلفنامہ میں قبول اسلام کا تذکرہ تک نہیں کیا : عام آدمی پارٹی

متھرا (یوپی) ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج متھرا سے بی جے پی کی امیدوار ہیمامالنی پر اپنے پرچہ نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔ آپ کی تائید کرنے والے دہلی کے ڈی کے تیاگی نے الیکشن کمیشن میں کل ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں ہیمامالنی کے خلاف کہا گیا ہیکہ انہوں نے اپنے پرچہ نامزدگی میں اس بات کا تذکرہ ہی نہیں کیا کہ دھرمیندر سے شادی کے وقت وہ اپنا مذہب تبدیل کرکے حلقہ بگوش اسلام ہوگئی تھیں۔ مسٹر تیاگی نے مزید کہا کہ تعلیمی لیاقت کے خانے میں ہیمامالنی نے صرف اس ڈگری کا تذکرہ کیا ہے جو انہیں اعزازی طور پر دی گئی تھی جبکہ انہوں نے اپنی حقیقی تعلیمی لیاقت کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ وشال چوہان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کی جانب سے کوئی اعتراض نہ اٹھائے جانے پر معمول کے مطابق انتخابی کارروائیوں میں پیشرفت کی گئی اور اب الیکشن کمیشن اس معاملہ سے نہیں نمٹ سکتا، درخواست گذار کو اس کیلئے عدالت سے رجوع ہونا پڑے گا۔