ہیلت پروگرام آفیسر کا دورہ سرکاری دواخانہ

کلواکرتی۔ /7ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی گورنمنٹ ہاسپٹل کا آج ریاستی ہیلت پروگرام آفیسر میناکشی نے دورہ کیا اور تمام دواخانہ کا معائنہ کیا۔ جبکہ انہوں نے دواخانہ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے تما م وارڈس کی تنقیح کی اور موجود مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں یہاں پر حاصل ہونے والی سہولیات کے تعلق سے معلومات حاصل کیں۔ اسی طرح انہوں نے جدید تعمیر وارڈس کا معائنہ کیا اور تعمیرات میں پختگی کو ملحوظ رکھنے کا حکم دیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ یہاں کے کاموں کی جانچ پڑتال اور ڈاکٹرس کی کارکردگی اور اوقات کی پابندی کے ساتھ ساتھ روزانہ عوام کی دواخانہ سے رجوع اور آپریشن اور زچگیوں کی تعداد اور دوائیوں کی فراہمی کے تعلق سے معلومات کا حصول تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس کی کمی کے سبب کچھ خامیاں ہیں جسے عنقریب ختم کیا جائے گا اور جلد سے جلد بلڈ بینک کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ اس موقع پر انچارج دواخانہ ڈاکٹر رمیش، ڈاکٹر شیو رام ، یشودھا بائی اور دیگر عملہ موجود تھا۔