سرپور ٹاؤن 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں گزشتہ کچھ دنوں سے ہیضہ کی وباء ہونے کی اطلاع ملنے پر آئی ٹی ڈی اے پراجکٹ آفیسر اوٹنور کرنن نے 8 ستمبر کے رات 12 بجے کے اوقات میں سرپور ٹاؤن سرکاری دواخانہ کا دورہ کیا اور سرکاری دواخانہ سرپور ٹاؤن میں زیرعلاج تقریباً 150 تا 200 مریضوں کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا۔ اس موقع پر دواخانہ میں زیرعلاج مریضوں سے مقامی میڈیکل اسٹاف کی کارکردگی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس موقع پر مریضوں اور مقامی میڈیکل اسٹاف کی خدمات کی ستائش کی اور بروقت میڈیکل اور ادویات منگوالینے کی ہدایت دی۔ مریضوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے ہوئے علاج کرنے کا مقامی اسٹاف کو مشورہ دیا تاکہ مریض جلد از جلد صحتیاب ہوجائیں۔ یہاں پر اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ 15 دنوں میں آئی ٹی ڈی اے پراجکٹ آفیسر کا سرپور ٹاؤن کے سرکاری دواخانہ اور ایس ٹی آشرم ہاسٹل کا دوسرا دورہ ہے۔ رات میں سرکاری دواخانہ سے آئی ٹی ڈی اے پراجکٹ آفیسر کرنن نے سیدھے ایس ٹی بوائز ہاسٹل پہونچ کر شب بسری کی اور آج صبح 8 تا 9 بجے تک ایس ٹی آشرم ہاسٹل میں شب بسری کے بعد صبح ہاسٹل کے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے ہاسٹل میں دی جانے والی تعلیم کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے کھانے کے بارے میں غذا کی تفصیل سے معلومات حاصل کئے۔ پھر ایس ٹی آشرم بوائز ہاسٹل میں زیرتعلیم لڑکیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تعلیمی قابلیت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اور ایس سی ایس ڈیشیل ہاسٹل گرلز کے بعد سرپور ٹاؤن منڈل کے گرام پنچایت نویں گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے گاؤں میں ڈاکٹر سرینواس کی نگرانی میں منعقد کئے گئے میڈیکل کیمپ کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا اور نویں گاؤں میں گھر گھر جاکر آئی ٹی ڈی اے پراجکٹ آفیسر کارنن نے مکانات میں بیمار لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے سرکاری دواخانوں اور گورنمنٹ ڈاکٹروں سے علاج کروانے کا عوام کو مشورہ دیا گیا اور خصوصاً خانگی دواخانوں اور آر ایم پی ڈاکٹروں سے علاج نہ کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر عوام سے کہاکہ ہیضہ کی وباء عام ہورہی ہے۔ اس لئے تمام لوگوں کو چاہئے کہ پینے کے پانی کو گرم کرنے کے بعد پھر ٹھنڈا کرتے ہوئے استعمال کریں۔ کیوں کہ جراثیم بھی پانی میں موجود رہتے ہیں۔ اس لئے پینے کے پانی کے استعمال میں احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا اور خاص طور پر محلوں اور گاؤں میں اپنے نالیوں اور بورویلوں اور پینے کے پانی کے کنویں کے اطراف صاف صفائی کیلئے انتظام کرنے کا مقامی گرام پنچایت سکریٹری اور گریجنوں کو ہدایت کی۔ مسائل کی یکسوئی کے دوران کوئی بھی ملازم تساہلی اور لاپرواہی کرنے پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا۔ واضح رہے کہ پراجکٹ آفیسر کارنن نے اپنے ہنگامہ دورہ میں سرکاری دواخانہ، ایس ٹی ہاسٹل بوائز، ایس سی رسیڈنشیل ہاسٹل گرلز اور گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو چونکا دیا۔ منڈل پریشد صدر محترمہ ریکھا ستیہ نارائن نائب صدر محمد سہیل احمد، سرپنچ سید خضر حسین، اے ٹی ڈبلیو سرینواس، پرنسپل محترمہ اوما مہیشوری، مائرین محترمہ بدرالنساء بیگم بھی موجود تھے۔