سڈنی۔29 مئی(سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کو دورہ انگلینڈ سے قبل بڑا دھکا لگا ہے اور آسٹریلیائی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ فٹنس مسائل کے باعث دورہ انگلینڈ سے باہر ہو گئے۔بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد سے آسٹریلیائی کرکٹ کی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی خدمات سے محروم ٹیم اب دورہ انگلینڈ سے قبل اپنے اہم فاسٹ بولرز سے بھی محروم ہوگئی ہے۔ہیزل ووڈ زخمی ہونے کے سبب دورہ انگلینڈ کا حصہ نہیں ہوں اور انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے تیسرے آسٹریلیائی فاسٹ بولر ہیں جہاں مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز بھی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ہیزل ووڈ کی جگہ کوئنزلینڈ کے فاسٹ بولر مائیکل نیسر کو پہلی مرتبہ ٹیم میں طلب کر لیا گیا۔کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیم فزیو ڈیوڈ بیکلے نے طبی معائنے کے بعد ہیزل ووڈ کو مزید آرام کا مشورہ دیا اس لئے وہ دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ مائیکل نیسر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔آسٹریلیائی ٹیم آئندہ ماہ دورہ انگلینڈ کے دوران پانچ ونڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔