ملزمین کو سات دن کی پولیس تحویل ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) حکام نے ہیرا گولڈ گروپ کے منیجنگ ڈائرکٹر نوہیرا شیخ اور دو ڈائرکٹرس مولی تھامس اور بیجو تھامس کو منی لانڈرنگ ایکٹ میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ای ڈی حکام نے گرفتار شدہ ملزمین کو نامپلی کرمنل کورٹ کے میٹرو پولیٹن سیشن جج کے اجلاس پر پیش کیا جس پر عدالت نے ملزمین کو 7 دن کی پولیس تحویل میں دے دیا۔ ای ڈی حکام نے حالیہ دنوں نوہیرا شیخ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور یہ پتہ لگایا کہ نوہیرا شیخ مبینہ طور پر عوام سے ہیرا گولڈ گروپ (گولڈ ٹریڈنگ) میں سرمایہ کاری کے نام پر ر قومات حاصل کئے اور 26 فیصد منافع کا وعدہ کیا تھا۔ نوہیرا شیخ نے دھوکہ دہی کے ذریعہ عوام سے رقومات حاصل کئے اور جملہ 1,72,114 سرمایہ داروں سے تین ہزار کروڑ کی رقم حاصل کی ۔ ریاست تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش ، کیرالا اور دیگر ریاستوں اور خلیج ممالک سے تعلق رکھنے والے کئی این آر آئیز نے سرمایہ کاری کی تھی ۔ ای ڈی حکام نے بتایا کہ نوہیرا شیخ نے ہیرا گروپ کے نام پر 182 بینک کھاتے کھولے جن میں 10 بینک کھاتے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کھولے تھے۔ بیجو تھامس نے سوان ٹکنالوجیز سولیوشن کے نام پر ہیرا گولڈ گروپ کا سافٹ ویر تیار کیا جبکہ مولی تھامس پرسنل اسسٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔