دوحہ ۔29جون ( سیاست ڈاٹ کام ) قطر ایرلائنز کے چیف اکزیکٹیو آفیسر اکبر الباقر نے لندن ہتھرو ایرپورٹ کی کوئنس بلڈنگ میں نئے ٹرمنل 2 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب میں ملکہ الزبتھ اور ڈیوک آف ایڈن برگ پرنس فلپ نے خصوصی طورپر اپنی شرکت کے ذریعہ اس تقریب کو یادگار بنایا۔ جناب الباقر نے جو ہتھرو ایرپورٹ لمیٹڈ کے بورڈ میں نان اکزیکٹیو ڈائرکٹر کی حیثیت سے شامل ہیں، اس موقع پر دیگر ایرلائنز کے چیف اکزیکٹیو آفیسرس اور اکزیکٹیوز کے ساتھ موجود تھے۔ واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ نے دسمبر 1955ء میں لندن ایرپورٹ کے پہلے پاسنجر ٹرمنل، سنٹرل ایریا کا افتتاح کیا تھا، لیکن ٹرمنل 2 کو کوئنز ٹرمنل سے دوبارہ موسوم کیا گیا ہے۔ جناب الباقر نے کہا کہ ہتھرو ایرپورٹ کی مزید توسیع دیکھ کر انھیں بہت خوشی ہوئی ہے اور اس کے غیر معمولی اور انتہائی عصری سہولتوں سے لیس ٹرمنل کا ملکہ الزبتھ کے ہاتھوں افتتاح دیکھ کر وہ کافی مسرور ہیں۔