ہڑتال شروع کرنے آر ٹی سی جے اے سی کا الٹی میٹم

حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی مشترکہ مجلس عمل نے حکومت کو دھمکی دی ہیکہ اگر بقایہ جات کی ادائیگی کے بشمول اس کے مطالبات کی 9 مئی تک تکمیل نہیںکی گئی تو 16 مئی کو مینجمنٹ کو ہڑتال کی نوٹس دی جائے گی۔ آر ٹی سی ملازمین کی مختلف یونینوں پر مشتمل جے اے سی نے کل اپنے اجلاس میں اپنے مستقبل کا لائحہ عمل طئے کیا۔ جے اے سی قائدین نے 5 مئی کو تمام ڈپوز پر دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا۔ 9 مئی کو راونڈ ٹیبل میٹنگ ہوگی۔ کنوینر جے اے سی کے راجی ریڈی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن جلد قائم کرے۔ جے اے سی کنوینر جی ابراہم نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے وعدہ کے مطابق کارپوریشن کیلئے فوری 75 کروڑ روپئے جاری کرے۔ آر ٹی سی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ نقصان کے نام پر بوجھ اسٹاف پر نہ ڈالے۔ جے اے سی قائدین نے کہاکہ اس کے مطالبات قبول نہ کئے جانے پر نتائج کا ذمہ دار آر ٹی سی انتظامیہ ہوگا۔