ہوپ ٹائی مقابلوں میں دوسنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین

وشاکھا پٹنم ۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان وشاکھا پٹنم میں کھیلا گیا سیریز کا دوسرا ونڈے برابری پر ختم ہوا۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے دئے گئے 322 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آخری اوور میں 14 رن بنانے تھے لیکن وہ صرف 13 رن ہی بناسکی اور اس طرح سے میچ ٹائی ہوگیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے شاندار بیٹنگ شائی ہوپ نے کی اور انہوں نے ہی چوکا لگاکر میچ کو ٹائی بھی کیا۔شائی ہوپ نے10 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 134گیندوں پر 123 رنوں کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ ہوپ کی یہ دوسری سنچری تھی۔تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ ہوپ کی دونوں سنچری والا میچ برابری پر ختم ہوا ہے۔ اس سے پہلے 2016 میں انہوں نے زمبابوے کے خلاف بلوایو میں سنچری بنائی تھی اور وہ بھی میچ ٹائی پر ہی ختم ہوا تھا۔ وہ ٹائی میچ میں دوسنچری بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ ہوپ کا ٹائی میچ میں ناٹ آوٹ رہتے ہوئے یہ (123) سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستان کے سعید انور کے نام تھا۔ انور نے سال 1995 میں زمبابوے کے خلاف ناٹ آوٹ 103 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔