کریم نگر۔/14ڈسمبر ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اردو اخبارات کی دنیا میں روز نامہ سیاست جس کے بانی مرحوم نواب عابد علی خاں اور مرحوم محبوب حسین جگر ہیں جن کی دوستی مثالی تھی، ان دونوں نے جس اخبار کی شروعات کی تھی آج وہ ملک ہی نہیں بلکہ سارے عالم میں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں پڑھے جاتے ہیں۔ آج کے ترقی یافتہ دور میں سائنس نے اتنی ترقی کرلی ہے کہ اس کی بدولت سارے عالم میں اخبار سیاست کا ای پیپردیکھا جارہا ہے۔ اخبار’سیاست‘ کے قارئین اس حقیقت سے بھی اچھی طرح واقف ہیں کہ اخبار سیاست نے نہ صرف سیاسی خبروں کی وجہ سے اپنی شناخت بنائی ہے بلکہ مذہبی، سائنسی ، تاریخی معلومات فراہم کرنے میں دنیا بھر کے دانشوروں اور قلمکاروں کا اسے تعاون حاصل ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ سماجی، مذہبی ، تعلیمی، طبی، سرکاری ملازمتوں جیسے پولیس، بینکوں، ریلوے ریکروٹمنٹ کے لئے تربیتی کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس کیلئے آئی پی ایس، آئی اے ایس ، سیول سرویسیس کی تیاریوں کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ آج اس کی وجہ سے سارے عالم میں اخبار ’سیاست‘ کی خدمات کی سراہنا کی جارہی ہے اور اخبار سیاست کے ذمہ داروں مدیر اعلیٰ جناب زاہد علی خاں، منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیرالدین علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں اور ان کے ساتھ جڑی ہوئی سماجی خدمت گزاروں کی ایک ٹیم ہے ان سبھی کی ستائش کی جارہی ہے۔ ادارہ سیاست کی جانب سے پریشان حال بیمار وں، فساد زدہ مقامات کے متاثرین اور آفات سماوی کے متاثرین کی امداد کی جاتی ہے ۔ سیاست کی جانب سے ان اقدامات پرلوگ دونوں ہاتھ اٹھاکر دعائیں دے رہے ہیں۔اب اخبار’سیاست‘ کے ذمہ داروں کی جانب سے ایک اور منصوبہ عمل طئے پایا ہے وہ یہ ہے کہ ایم بی اے ، ایم کام، ایم ایس سی، ایم سی اے، ایم ٹیک ، ایم ایس کی تیاری یا پھر کوئی انفرادی قسم کا پراجکٹ صنعت کا قیام وغیرہ میں اخبار سیاست کی جانب سے رہنمائی و رہبری اور حکومت کی جانب سے جو بھی مدد ہوسکتی ہے اس میں تعاون اور سیاست کی جانب سے بھی مالی تعاون فراہم ہوگا۔ اس سلسلہ میں مستحق ہونہار مسلم لڑکے، لڑکیوں کی نشاندہی کے لئے ضلع کی سطح پر ایک اڈوائزری مشاورتی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں اعزازی خدمات کی انجام دہی کے خواہشمند دانشور حضرات نمائندہ سیاست جناب سید محی الدین سے معز بک اسٹال،موبائیل نمبر 9849152827 پر ربط کریں۔ مشاورتی کمیٹی میں شامل حضرات مشاورتی اجلاس میں اپنے اپنے مقامات کے اہلیت رکھنے والے مستحق لڑکے، لڑکیوں کی امداد ، تعاون کیلئے سفارش کرنے کے اہل ہوں گے۔ ان کی سفارش پر عمل کرنے کا اخبار سیاست کے مالکین اور با اختیار کمیٹی کو اختیار رہے گا۔