ہوم گارڈ کے ہاتھوں بس کنڈکٹر کو زدوکوب

حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں پولیس اور پولیس محکمہ سے وابستہ افراد کی غیر اخلاقی حرکتوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایسے واقعات بہت ہی کم منظر عام پر آتے ہیں جس میں کوئی شہری پولیس کے خلاف شکایت کی ہمت نہیں دکھاتا ہے۔ ایسے ہی واقعہ میں جو مہدی پٹنم کے علاقہ میں پیش آیا ایک ہوم گارڈ نے آرٹی سی کے بس کنڈکٹر کو زدکوب کردیا۔ کنڈکٹر کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس نے فٹ بورڈ پر سیل فون پر بات کرنے والے ایک ہوم گارڈ سے ٹکٹ لینے کو کہا۔ تاہم ہوم گارڈ اور کنڈکٹر میں کافی بحث و تکرار ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بس کنڈکٹر سے ہوم گارڈ جس کا نام ناگاراجو بتایا گیا ہے اس نے بس کنڈکٹر کی بات کو مسترد کردیا اور اپنے آپ کو اسٹاف کہتے ہوئے ٹال دیا۔ تاہم کنڈکٹر نے اسے اسٹاف کا شناختی کارڈ یا پھر بس پاس دکھانے یا پھر ٹکٹ لینے کیلئے کہا لیکن ناگا راجو نے ایسا نہیں کیا اور بس سے اُتر گیا۔ یہ واقعہ کل شام روٹ نمبر 49 ایم پلی ۔

سکندرآباد تا تالہ گڈہ چلائی جانے والی آر ٹی بس میں پیش آیا اور ناگا راجو نے آج شام اس بس کا انتظار کیا اور جیسے ہی بس علاقہ میں داخل ہوئی کنڈکٹر کو کل کے واقعہ کی یاددہانی کرواتے ہوئے زدوکوب کیا۔ جس کے بعد کنڈکٹر سرینواس نے ٹپہ چبوترہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ اس واقعہ پر جب انسپکٹر ٹپہ چبوترا محمد ریاض الدین سے بات کرنے پر انہوں نے بتایا کہ کنڈکٹر کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے محکمہ سے وابستہ ہوم گارڈ کی زائد تفصیلات نہیں بتائی۔ ناگاراجو ٹریفک ہوم گارڈ بتایا گیا ہے۔ پولیس ٹپہ چبوترا کا کہنا ہے کہ ہوم گارڈ کو بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔