ہوم گارڈ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ

حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) کالاپتھر پولیس نے اپنے ہی پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک ہوم گارڈ کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر انجیا نے کہا کہ ہوم گارڈ غوث نے اپنے مکان کے ایک حصہ کو عمران نامی شخص کو کرایہ پر دیا تھا۔ کرایہ کے حصول کے معاملہ میں اکثر بحث و تکرار ہوا کرتی تھی اور آج دوپہر میں بھی غوث اور عمران کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی۔ برہمی کی حالت میں ہوم گارڈ نے عمران پر وہاں کے قصائی کی دکان سے ستور لیکر عمران پر حملہ کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ حملہ کے بعد ہوم گارڈ فرار ہوگیا اور زخمی کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ہوم گارڈ کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کردی۔