18موٹر سیکلس برآمد، نامپلی پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) ہوم گارڈ سے سارق بننے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملازمت چلے جانے کے بعد معاشی حالات سے مجبور عبدالسلیم خاں مبینہ طور پر سارق بن گیا جو بالآخر نامپلی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ 46سالہ سلیم خان حبیب نگر علاقہ میں رہتا تھا جو سابق میں ہوم گارڈ تھا۔ خرابی صحت کے سبب ملازمت پر حاضر نہ ہونے کی صورت میں سلیم خاں کو نوکری سے برخواست کردیا گیا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 9لاکھ روپئے مالیتی 18موٹر سیکلیں ضبط کئے۔ یہ شخص مالی پریشانیوں اور حالات سے مجبور ہوگیا تھا۔ ملازمت چلے جانے کے بعد اپنی تین بیویوں اور 8بچوں کی پرورش اس کے لئے مشکل ہوگئی تھی۔ جبکہ اس کے والدین محکمہ پولیس سے وابستہ تھے جو آر ایس آئی سی آر آر ہیڈکوارٹرس کے عہدہ سے ریٹائرڈ ہوئے ۔ سلیم کا 1992 میں ہوم کی حیثیت سے تقرر ہوا تھا۔ اس نے انٹر میڈیٹ تک تعلیم حاصل کی۔ نامپلی انسپکٹر مسٹر مدھو سدھن نے یہ بات بتائی۔ سال 2007 اور 2008میں اس کی صحت اچانک خراب ہوگئی تھی اور یرقان ہونے کے سبب وہ کافی دنوں تک ملازمت پر غیر حاضر رہا جس کے سبب سلیم کو نکال دیا گیا۔ سال 2011 سے اس نے نقلی چابیوں کا استعمال کرتے ہوئے موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنا شروع کردیا اور پارکنگ ، دواخانہ، سافٹ ویر کمپنیوں جیسے مقامات کو نشانہ بناتا تھا ۔وحید، حمید اور ابرار مبینہ طور پر اس کا ساتھ دیتے تھے۔ مسروقہ موٹر سیکلوں کو انجن اور چیسی نمبرات مٹا کر سریکانت اور رمیش نامی افراد کی مدد سے مبینہ طور پر فروخت کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ پانچ افراد مفرور ہیں جنہیں پولیس تلاش کررہی ہے۔