حیدرآباد۔/4نومبر، ( سیاست نیوز) کمیونٹی پولیسنگ کے اس دور میں سماج سدھار کی بات کرنے والی پولیس کاداخلی مسئلہ اعلیٰ عہدیداروں کے لئے درد سر کا باعث بن گیا۔ سرور نگر انسپکٹر کی جانب سے ہوم گارڈ سے باڈی مساج کروانے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کمشنر راچہ کنڈہ برہم ہوگئے اور فوری طور پر انہوں نے اعلیٰ سطحی عہدیداروں کو اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سرور نگر پولیس کے سرکل انسپکٹر مسٹر لنگیا ہوم گارڈ سے باڈی مساج کرواتے ہوئے ایک ویڈیو میں دیکھے گئے۔ تاہم پہلے اس بات سے انکار کرنے والے انسپکٹر نے کمشنر کے سپرد ہوگئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ہوم گارڈ جو دلت طبقہ سے تعلق رکھتا ہے انسپکٹر کی مرضی کے خلاف کام کرنے پر برہم انسپکٹر اسے اپنے گھر طلب کرتا ہے اور نشہ کی حالت میں اس سے باڈی مساج کرواتا ہے۔ ڈسپلن شکنی کے خلاف سخت اقدامات کے لئے مشہور مہیش بھگوت کے اقدام کا انتظار رہے گا۔