گلبرگہ میں ریاستی وزیر قمر الاسلام کا امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
گلبرگہ۔ یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر میونسپل ایڈمنسٹریشن و ضلع انچارج وزیر گلبرگہ الحاج قمر الاسلام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہولی تہوار بھائی چارہ اور امن کے ساتھ منائیں ۔واضح رہے کہ 5مارچ کو ہولی اور 6 کو دھلنڈی کا تہوار منایا جائیگا۔ ہفتہ کے دن گلبرگہ میں ہولی تہوار کے پیش نظر منعقد کیئے گئے امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ صوفی سنتوںکے شہر گلبرگہ میں ہولی تہوار منانے کے دوران امن اور قانون و نظم ضبط برقرار رکھنے کی بھر پور کوشش کی جائے ۔انھوں نے اس معاملہ میں بھرپور تعاون کرنے کی اپیل کی تاکہ کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہ آئے ۔ انھوں نے یہ بھی اپیل کی کہ ہولی کے دن لوگوںکے چہروں پر یا جسم پر نقصان پہنچانے والا رنگ نہ پھینکا جائے ۔الحاج قمر الاسلام نے جمعرات اور جمعہ کے دن بھر پانی سربراہ کرنے کی واٹر بورڈ کے عہدہ داران کو ہدایت دی ۔ انھوں نے کہا کہ اگر ضروری ہو تو ٹینکر کے ذریعہ بھی پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے۔برقی کمپنی جیسکام کے عہدہ داران کو الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ ہولی اور دھلنڈی کے دنوںمیں برقی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے ۔ انھوں نے محکمہ آبکاری کے عہدہ داران کو ہدایت دی کہ ہولی اور دھلنڈی کے دن غیر قانونی طور پر شراب فروخت کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں ۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شر پسندوں پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی ناگہانی واقعہ کی روک تھام کے لئے پولیس کا معقول بندوبست کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گلبرگہ مسٹر وپل بنسل نے کہا کہ ہولی اور دھلنڈی کے موقع پر چند مدارس میں جو امتحانات منعقد کئے جارہے ہیں ان کو ملتوی کرنے کی محکمہ تعلیمات کے عہدہ داران کو ہدایت دی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹی کارپوریشن گلبرگہ کے عملہ کو ہدایت دی کہ وہ شہر کی اسٹریٹ لائیٹس کی فوری درستی عمل میں لائیں ۔ ایس پی گلبرگہ مسٹر امیت سنگھ نے کہا کہ ہولی تہوار کے پیش نظر ہولی اور دھلنڈی کے دو دنوں میں ضلع بھر میں 2000پولیس کانسٹیبلوں کو مسلسل 48گھنٹوں تک خدمات انجام دینے کی تاکیدکی گئی ہے۔ اس اجلاس میں امن کمیٹی کے اراکین بابو رائو جاگیردار، شیو رام موگھا، منجو ناتھ، مختلف مذاہب کے قائدین اور سینئیر شہریان شریک تھے اور انھوں نے مفید مشوروں سے نوازا۔ ایڈیشنل ایس پی مہانتیش اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گووندریڈی بھی اجلاس میں شریک تھے۔