میٹرو پولیس کانگریس کے موقع پر ہورڈنگ کی تنصیب میں غفلت جان لیوا ثابت ہوئی
حیدرآباد ۔ /12 اکٹوبر (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کی مبینہ لاپرواہی کے باعث ہورڈنگ گرنے سے ایک موٹر سیکل راں سافٹ ویر انجنیئر ہلاک اورکار میں سوار دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب 29 سالہ پرودھی سینا ریڈی ساکن راگھاویندرا کالونی نظام پیٹ جو نانک رام گوڑہ میں واقع سافٹ ویر کمپنی کا ملازم تھا اور آج ہائی ٹیک سٹی کے سمت گچی باؤلی علاقہ سے جارہا تھا کہ اچانک اس کے سر پر ایک ہورڈنگ گرپڑا ۔ اس حادثہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر دو موٹر سائیکل سوار وینکٹیشور راؤ روی پرساد بھی زخمی ہوگئے ۔ رائے درگم پولیس نے بتایا کہ حال ہی میں منعقدہ میٹرو پولیس کانفرنس کے موقع پر یہاں ایک ہورڈنگ موجود تھا لیکن اسے ناقص طریقے سے نصب کیا گیا تھا اور آج اچانک وہ اکھڑ کر نیچے گرپڑا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی 108 ایمبولینس اور پولیس عملہ وہاں پہونچ گیا لیکن پرونیدی ریڈی اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں لاپرواہی اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا ۔