حیدرآباد۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) سوماجی گوڑہ کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں واقع ویمن ہاسٹل میں خاتون چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی مشتبہ حالت میں موت واقع ہوگئی۔ پنجہ گٹہ پولیس کے بموجب 27 سالہ انوشا متوطن مغربی گوداوری جو پیشہ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے، سال 2014ء میں جوبلی ہلز میں واقع تھرمل پاور ٹیکنو انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی میں سینئر ایگزیکٹیو اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے ملازمت حاصل کی تھی۔ 8 مارچ کو انوشا کی شادی راجمندری سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویر انجینئر ارجن سے ہوئی تھی اور شادی کے بعد وہ اپنی کمپنی واقع بنگلورو واپس چلا گیا جبکہ انوشا ویمن ہاسٹل واقع سونالیکا اپارٹمنٹ سوماجی گوڑہ میں رہائش پذیر تھی۔ کل رات وہ مشیر آباد میں رہنے والے اپنے رشتہ داروں کے مکان سے ہاسٹل لوٹی تھی اور اپنے کمرے میں محو خواب ہوگئی۔ انوشا کی ساتھی ہرشیتا جو شرڈی گئی ہوئی تھی، آج صبح واپس لوٹنے پر اپنی سہیلی کی نعش مشتبہ حالت میں پائی۔ پنجہ گٹہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پنجہ گٹہ ڈیویژن کے اے سی پی وینکٹیشورلو نے کہا کہ انوشا 23مارچ کو ہنی مون سے واپس ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ وہ کل رات دو مختلف مقامات پر غذا استعمال کی تھی اور اپارٹمنٹ پہنچ کر دودہ پینے کے بعد محوخواب ہوگئی تھی ۔ صبح میں اس کی ایک ساتھی نے اس کو مردہ پایا ‘‘ موت کی وجہ کا علم نہیں ہوسکا ہے لیکن شبہ ہے کہ سمیت غذا کے سبب وہ فوت ہوگئی ہے یا خودکشی کی ہوگی ۔ قلب پر حملے کے سبب موت کا شبہ بھی ہوسکتا ہے لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی قطعی علم ہوگا ۔