ہنگیز نے وینس کو شکست دی، حیدرآباد کی شاندار شروعات

حیدرآباد ۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) سابق عالمی نمبر ایک سوئٹزرلینڈ کی ٹینس اسٹار مارٹینا ہنگیز کے شاندار مظاہرہ کے علاوہ سینئر آسٹریلیائی کھلاڑی مارک فیلوپوسیس کے متاثر کن مظاہرہ کی بدولت حیدرآباد ایسیس نے یہاں ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ چمپیئنس ٹینس لیگ میں مہمان بنگلور کے خلاف 27-25 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کا بہترین آغاز کیا ہے۔ چمپیئنس ٹینس لیگ کے قواعد کے مطابق اس ٹیم کو فاتح قرار دیا جاتا ہے جو کہ زیادہ گیمس اپنے نام کرے جبکہ عموماً یہ ہوتا ہیکہ اس ٹیم کو فاتح قرار دیا جاتا ہے جوکہ زیادہ سیٹ اپنے نام کرے۔ حیدرآباد کے لال بہادر اسٹیڈیم میں شروع ہوئے چمپیئنس ٹینس لیگ کے پہلے مقابلہ میں حیدرآباد ایسیس ٹیم کی نمائندگی کررہے

مارک نے اپنے حریف بنگلور کے ہامس انکیو ویٹس کو لیجنڈ زمرہ میں 6-5(5-2) سے شکست دی جبکہ سابق عالمی نمبر ایک مارٹینا ہنگیز اور امریکی سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی وینس ولیمس کے درمیان خاتون زمرہ کا مقابلہ بھی عوامی توجہ کا مرکز رہا جس میں ہنگیز نے اپنی حریف کو باآسانی 6-3 سے شکست دی۔ دیر رات گئے کھیلے گئے ڈبلس مقابلہ میں مائیکل یوزنی اور جیون نیڈون چیزیان نے بنگلور کی حریف جوڑی فلیشیانو لوپیز اور رام کمار راماناتھن کو 6-3 سے شکست دی۔ مرد زمرہ کے ڈبلز مقابلہ کے بعد لوپیز اور ولیمس نے بنگلور کیلئے بالآخر پہلی کامیابی حاصل کی جیسا کہ مکسڈ ڈبلس کی اس جوڑی نے حیدرآباد ایسیس کی جوڑی مارٹینا ہنگیز اور یوزنی کو 6-5(5-1) سے شکست دی۔ مرد زمرہ کے سنگلس مقابلہ میں بھی بنگلور کو کامیابی حاصل ہوئی جیسا کہ یوزنی نے لوپیز کو 8-4 سے شکست دی لیکن بنگلور کیلئے یہ کامیابی ناکافی ہوئی کیونکہ مجموعی طور پر جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے مظاہروں کا تقابل کیا گیا تو بنگلور کو 25 گیمس اور حیدرآباد کو 27 گیمس اپنے نام کرنے کا موقع ملا تھا۔ چمپیئنس ٹینس لیگ کے مقابلوں کیلئے میدان میں حیدرآبادی ٹینس شائقین کی کثیر ثعداد موجود تھی جیسا کہ مقابلوں کے آغاز سے قبل ہی سابق عالمی نمبر ایک مارٹینا ہنگیز عوامی توجہ کا مرکز بن چکی تھی۔

سوئٹزرلینڈ کی ہنگیز اور امریکہ کی وینس کے درمیان کھیلا جانے والا مقابلہ افتتاحی دن عوام کی دلچسپی کا پہلا مرکز رہا کیونکہ دونوں ہی کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ کافی مسابقتی رہا جس میں دونوں ہی کھلاڑیوں نے تیزرفتار سرویس کے علاوہ طویل ریالیز بھی کھیلی۔ ہنگیز نے اپنے مقابلہ کے دوران طرز رسائی میں مختلف حکمت عملی اختیار کی جبکہ عالمی درجہ بندی میں 18 ویں مقام پر فائز وینس ولیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن مقابلہ کے اختتام پر ہنگیز کو ایک آسان کامیابی حاصل ہوئی۔ لیجنڈ کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ مار ک اور تھامس کے درمیان مسابقتی کھیل دیکھنے کو ملا جیسا کہ ایک موقع پر مہمان تھامس 5-2 کی سبقت بنا چکے تھے لیکن مقامی شائقین کو خوشی کا اس وقت موقع ملا جب حیدرآبادی ایسیس کے کھلاڑی مارک نے مقابلہ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور کو 5-5 سے برابر کردیا۔ مارک جوکہ ٹینس کے میدانوں میں تیز ترین سرویس کیلئے کافی مشہور ہیں انہوں نے اس سرویس کا پھر ایک مرتبہ مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کیا۔ میدان میں موجود سینکڑوں شائقین نے مسابقتی اور مختصر وقت میں نتیجہ حاصل ہونے والے مقابلوں پر خوشی کا اظہار کیا۔