ہنومان شوبھایاترا پولیس کے سخت ترین انتظامات

حیدرآباد 3 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں کل منعقد ہونے والے ویر ہنومان شوبھا یاترا کے پیش نظر سٹی پولیس نے سکیوریٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہیں اور نیم فوجی دستوں کے 100پلاٹونس اور ریاپڈ ایکشن فورس کی کمپنیاں تعینات کی جارہی ہے ۔ پرانے شہر میں آج ریاپڈ ایکشن فورس اور نیم فوجی دستوں نے حساس علاقوں میں مارش پاسٹ کیا۔ شوبھا یاترا کا آغاز صبح 10 بجے رام مندر گولی گوڑہ سے ہوگا ۔اس ریالی میں بجرنگ دل کے پرمُکھ اور قومی صدر راجیش پانڈیا کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وشوا ہندو پریشد و بجرنگ دل نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ توڑنے کیلئے ایک لاکھ کی بائیک ریالی نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ 11.2 کیلو میٹرس جلوس کے راستے پر حیدرآباد پولیس سی سی ٹی وی کے ذریعہ کڑی نظر رکھے گی اور جلوس کے دوران موبائیل کمانڈ اینڈ کنٹرول گاڑیوں کا استعمال کیا جائے گا ۔ سٹی پولیس کے اعلی عہدیدار کمشنر آفس میں واقع مین کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ذریعہ اس ریالی پر راست طور پر نظر رکھیں گے ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے بتایا کہ ریالی پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور انہیں امید ہے کہ موجودہ پولیس بندوبست کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں شہروں کے حساس مقامات پر چوکسی اختیار کرلی گئی ہے اور تمام پولیس اسٹیشنس کے عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے مناسب ہدایات جاری کی گئی ہے ۔ ریالی کا آغاز گولی گوڑہ رام مندر سے ہوگا اور یہ مرکزی جلوس پتلی باولی چوراہے سے گذرتے ہوئے آندھرا بینک چوراہا ‘رام کوٹ ‘کاچی گوڑہ ‘وائی ایم سی اے سرکل ‘نارائن گوڑہ جنکشن سے ہوتے ہوئے آر ٹی سی چوراہا ‘اشوک نگر چوراہا ‘گاندھی نگر ٹی جنکشن ‘کواڈی گوڑہ چوراہا ‘بائیبل ہاوز ‘گھاس منڈی چوراہا سے گذرتا ہوا باٹا چوراہا روڈ ‘سبھاش روڈ ‘رام گوپال پولیس اسٹیشن ‘ ایم جی روڈ ‘ سی ٹی او چوراہا ‘بال امرائی ‘تاڑبن چوراہا ‘چنا کوٹہ برج ‘ سات مندر ‘نیو بوئن پلی ‘سروجنی پلا ریڈی بلڈنگ ‘سنٹرل پوائنٹ ‘ڈائمنڈ پوائنٹ ‘مستان کیفے سے گذرتا ہوا تاڑبن ہنومان مندر کو اختتام پر عمل میں آئے گا ۔ اس ریالی کے پیش نظر سٹی پولیس نے مذکورہ راستوں پر ٹریفک تحدیدات عائد کئے ہیں۔