رائے پور،14دسمبر(یواین آئی)چھتیس گڑھ میں وزیراعلی کا نام طے کرنے کی مہم کے درمیان کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے بلاوے پر دہلی روانہ ہوئے اس عہدے کے اہم دعوے دار بھوپیش بگھیل نے کہا کہ ہنستے ہوئے دہلی جارہا ہوں،ہنستے ہوئے آؤں گا۔ ریاستی کانگریس کے صدر بگھیل نے دہلی روانہ ہونے سے پہلے ٹویٹ کیا ،‘‘جس طرح میں ہنستے ہوئے دہلی جارہا ہوں اسی طرح سے ہنستے ہوئے آؤں گا۔آج ریاست کے لئے ،ہم سب کے لئے بہت بڑادن ہے ،جو بھی فیصلہ ہوگا اچھا ہوگا،اعلی کمان نے مجھے اکثریت لانے کی ذمہ داری دی تھی ،اب آگے جو بھی ذمہ داری ملے گی،اسے میں ایمانداری کے ساتھ سرانجام دوں گا۔’’اس ٹویٹ کو ان کے حامی بڑا اشارہ مان رہے ہیں۔ 2013 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی ہار کے فوراً بعد ریاستی صدر کی ذمہ داری سنبھالنے والے بھوپیش بگھیل وزیراعلی کے عہدے کے سب سے مضبوط دعوے دار ہیں۔مسٹر بگھیل نے گزشتہ تقریباً پانچ سال بی جے پی کی حکومت کے خلاف مسلسل جنگ جاری رکھی،جس کے پیش نظر انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ان کے خلاف انفرادی طورپر تمام معاملے درج کئے گئے ۔ ریاست کے مشہور سی ڈی معاملے میں مسٹر بگھیل کو جیل بھی جانا پڑا تھا۔اس کے باوجود انہوں نے ریاست میں پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔مسٹر بگھیل غیر منقسم مدھیہ پردیش میں دگوجے حکومت مین اور چھتیس گڑھ کی تشکیل کے بعد جوگی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔