ہند ۔ چین سرحدی مذاکرات کا انعقاد

نئی دہلی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور چین نے آج 18 ویں مرحلے کے مذاکرات کا انعقاد کیا تا کہ پیچیدہ سرحدی تنازعے کی یکسوئی کی جاسکے ۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے مرکز میں برسر اقتدار آنے کے بعد یہ پہلا اجلاس تھا ۔ سرحدی تنازعے کے بارے میں خصوصی نمائندہ اور قومی مشیر سلامتی اجیت ڈوول نے قومی مشیر سلامتی چین اور مشیر مملکت یانگ بیچی سے بات چیت کی تھی۔مذاکرات کا تازہ مرحلہ صدر چین ژی ژنگ پنگ کے ہندوستان کے دورہ کے چھ ماہ بعد منعقد ہورہا ہے ۔ سرحدی تنازعہ پر بات چیت مودی کے پہلے دورہ چین سے قبل منعقد ہورہی ہے جو توقع ہے کہ وہ اواخر ماہ میں چین کا دورہ کریں گے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج گذشتہ ماہ چین کا دورہ کر کے وزیر اعظم کے دورہ کی راہ ہموار کرچکی ہیں۔