ہند ۔ پاک کے مابین چھوٹی نیوکلیر جنگ !

کشیدگی کم کرنے امریکہ کی ثالثی ، بانکی مون بھی مذاکرات کے حامی
نئی دہلی ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدہ صورتحال انتہائی خطرناک شکل اختیار کرچکی ہے ۔ ہندوستان میں دہشت گرد حملہ کے بعد یہ ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہورہی ہے ۔ اور اس کا نتیجہ یہ ہوسکتا ہے کہ ہندوستانی فوج کی پیشرفت کی صورت میں پاکستان چھوٹا نیوکلیر حملہ کردے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے فوجی منصوبہ ساز ایسی منصوبہ سازی کرچکے ہیں اور دونوں ممالک کے قائدین کے بیانات کی وجہ سے بھی پہلی مرتبہ امریکہ نے ٹریک 2 مذاکرات کے لیے ثالثی کا رول ادا کیا ہے ۔ اس کا مقصد محدود نیوکلیر جنگ کو روکنا ہے ۔ واشنگٹن کی تشویش کے باعث ہندوستان اور پاکستان کی غیر متوقع بات چیت ہوئی ۔ سینئیر تجزیہ نگار ، ریٹائرڈ فوجی عہدیدار اور سابق سفارتکاروں نے گذشتہ ہفتہ دوبئی میں ملاقات کی اور موجودہ دھماکو صورتحال کو قابو میں لانے کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ بالخصوص نیوکلیر جنگ کے خطرات کو ختم کرنے پر غور کیا گیا جس سے علاقہ میں بڑے پیمانہ پر نقصان ہوسکتا ہے ۔ امریکی نیشنل نیوکلیر سیکوریٹی اڈمنسٹریشن کی تائید سے یہ مذاکرات منعقد کئے گئے ۔ دوسری طرف اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بانکی مون نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین بات چیت کی انہوں نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اسمبلی سیشن ایک بہترین موقع ہے جہاں عالمی قائدین رسمی یا غیر رسمی طور پر ایک دوسرے سے ملاقات کرسکتے ہیں ۔۔