ہند ۔ پاک کے درمیان ٹکراؤکا سب سے زیادہ خمیازہ کشمیریوں کوبھگتنا پڑتا ہے: محبوبہ مفتی

سری نگر: ہندوستانی جنگی طیاروں کے سرحد پارپاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے بالاکوٹ علاقے میں کارروائیوں پررد عمل ظاہرکرتے ہوئے پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا ہےکہ طرفین کےدرمیان ٹکراؤکا سب سے زیادہ خمیازہ کشمیریوں کوبھگتنا پڑے گا۔
سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نےٹوئٹ کرتے ہوئےکہا چونکہ پاکستان نے ہندوستانی طیاروں کی کارروائیوں سےکسی بھی جانی نقصان کو مسترد کیا ہے، اب انہیں چاہئےکہ وہ مفاہمانہ اسٹینڈ لیں ورنہ صورتحال کنٹرول سے باہرنکل سکتی ہے، جس کا سب سے زیادہ خمیازہ کشمیریوں کوبھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پلوامہ خود کش حملے کے بعد ملک میں فضا مکدرہوگئی ہے لوگ انتقام چاہتے ہیں، لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ تشدد، تشدد کوہی جنم دیتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ دنیا کےکسی بھی حصے میں امن کےحامیوں کوغدارکے القاب سےنہیں نوازاجاتا ہے۔
محبوبہ مفتی نے پاکستانی صحافی محمل سرفرازکے ٹوئٹ کہ ‘پاکستان اورہندوستان کے درمیان ٹکراؤ کا خمیازہ کشمیریوں کوبھگتنا پڑتا ہے’، کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئےکہا کہ جو میں نےکہا وہ مبنی برحق ہے۔ جموں وکشمیرکےلوگ کب تک خمیازہ بھگتیں گے۔

واضح رہےکہ ہندوستان کی کارروائی سے پاکستان گھبرا گیا ہے۔ پاکستان واقع بہاول پورمیں جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہرکوراولپنڈی واقع ایک ملٹری اسپتال سے ہٹاکربہاول پورواقع کوٹ گھنتی کے پاس شفٹ کیا گیا ہے۔ نیوزایجنسی اے این آئی کے مطابق سرحد پرموجود انٹلی جنس کے ذرائع نے یہ جانکاری دی۔ اس سے پہلے 21 فروری کو ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پاکستان حکومت نے مسعود اظہرکوراولپنڈی میں کسی محفوظ مقام پربھیجا تھا۔ راولپنڈی میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا ہیڈ کوارٹربھی ہے۔
وہیں دوسری طرف پاکستان کی طرف سے جوابی کارروائی کے خدشہ کے پیش نظرہندوستانی فضائیہ نےبین الاقوامی سرحد اورلائن آف کنٹرول کے پاس اپنے سبھی ایئرڈیفنس سسٹم کوالرٹ کررکھا ہے۔